7 جولائی 2014 - 12:54
کویت، پولیس اور مظاہرین کے درمیان پر تشدد جھڑپیں

کویت میں اپوزیشن لیڈر مسلّم البرّاك کی رہائی اور بدعنوان ججوں کو ہٹائے جانے کا مطالبہ کر رہے مظاہرین اور پولیس کے درمیان پر تشدد جھڑپیں ہوئی ہیں۔

ابنا: حکومت کی طرف سے مظاہروں پر پابندی لگائے جانے کے باوجود، اتوار کی رات، نماز کے بعد کویت سٹی کی جامع مسجد سے ہزاروں مظاہرین نے پرانے بازار تک مارچ کیا، جہاں مظاہرین کی پولیس سے جھڑپ ہو گئی۔

سوشل میڈیا پر نشر کی گئی ایک تصویر میں ایک کارکن عبدالہادی ہاجری کو خون میں لت پت دیکھا جا سکتا ہے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ہاجری سر پر ایک آنسو گیس کا گولہ لگنے سے زخمی ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ اتوار مسلسل چوتھا دن تھا جب کویت میں بدعنوانی مخالف مظاہروں کو دبانے کے لئے پولیس نے طاقت کا استعمال کیا۔

اتوار کو دیر رات گئے كویتي وزارت داخلہ کی طرف سے جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کر دیا اور پولیس کے ساتھ جھڑپ میں کوئی زخمی نہیں ہوا ہے۔

لیکن بیان میں اس جانب کوئی اشارہ نہیں کیا گیا کہ پولیس نے کتنے مظاہرین کو گرفتار کیا ہے، بیان میں صرف اتنا ہی کہا گیا ہے کہ یہ مظاہرے غیر قانونی ہیں۔

.......

/169